***سٹیو جابز کی گیدڑ سنگھی***
سٹیو جابز کے بارے میں کون نہیں جانتا؟ ہم جس موجود دنیا میں بس رہے ہیں، اس پر اسی کے فنگر پرنٹس لگے ہوئے ہیں. جابز کی کہانی بھی رب کائنات کے رازوں میں سے ایک راز ہے اور اس کی قدرت کا پرتو ہے. ایک ایسا ان چاہا بچہ جسے اس کے والدین نے عسرت کے مارے، جان چھڑا کر کسی اور کے حوالے کردیا ہو. اور وہ اپنی عمر کی دوسری دہائی میں ملینئیر بن جاتا ہے اور تیس سال کی عمر تک ارب پتی ہو جاتا ہے.
سٹیو جابز ایک سنکی اور بدمزاج شخص تھا اور کم ہی لوگوں کے ساتھ اس کی کیمسٹری بنتی تھی. تیس سال کی عمر میں وہ اپنی ہی کمپنی سے فائر ہوا، پھر اس کی ناکامیوں کی لمبی قطار یے. ایپل لیزا، میکنٹوش ٹی وی، ایپل تھری، پاور میک... ایک وقت آیا کہ سونے کو ہاتھ لگاتا اور وہ مٹی ہوجاتا. پھر پچاس سال کی عمر میں اس کے دن پھرے اور وہ ایپل میں واپس آیا. اب مٹی کو ہاتھ لگاتا اور وہ سونا ہوجاتا. آج یہ دنیا کی سب بڑی کمپنی اور پہلی کمپنی جس نے ٹریلین ڈالرز کا ہدف عبور کیا.
جابز کا ایک پرانا انٹرویو کچھ عرصہ سے گردش میں ہے جس میں وہ کامیابی کے سب سے قیمتی راز کے بارے میں بتاتا ہے. وہ سیدھے لفظوں میں یہ کہتا ہے کہ یہ ایک چیز کامیاب اور ناکام لوگوں میں سب سے بڑا فرق ڈال دیتی ہے. اس کی گیدڑ سنگھی بہت سادہ سی ہے اور وہ ہے "ایکشن". سوچو، اور کر گزرو.
جابز جب بارہ سال کا تھا تو اس نے فون ڈائریکٹری سے ایچ پی کمپنی کے ارب پتی بانی بل ہیولٹ کا نمبر ڈھونڈا تھا اور اسے فون کرکے فریکوینسی کاونٹر کے پارٹس مانگ لیے تھے. ارب پتی بل نے ہنستے ہوئے نہ صرف پارٹس بچے کو بھیج دیئے بلکہ گرمی کی چھٹیوں میں اسے ایچ پی میں فریکوئنسی کاوئنٹر کے اسمبلی پلانٹ میں کام بھی دے دیا.
جابز کی گیدڑ سنگھی بڑی سادہ سی ہے. وہ کہتا ہے کہ ٪90 سے زائد لوگ "نہ" برداشت نہیں کر سکتے. وہ فون نہیں ملاتے، ای میل نہیں کرتے، دروازہ نہیں کھٹکھٹاتے، نوکری کی درخواست نہیں دیتے، اپنی پسند کی لڑکی یا لڑکے کا نمبر نہیں لیتے، کیوں کہ وہ انکار ہوجانے سے ڈرتے ہیں. جب تک تم ناکامی سے جپھی ڈالنے کے لئے تیار نہیں ہوگے، کامیابی حاصل نہیں ہوگی. اٹھو، چلو، بھاگو، حرکت میں آؤ. گرنے اور ایسی تیسی کرانے کے لئے تیار رہو. اگر کوئی بزنس کر رہے ہو اور پہل کاری سے ڈرتے ہو، تو کچھ اور کرو، کیوں کہ بزنس کمزور مثانے کے شخص کا کام نہیں ہے ..... بس "کرو" بندہ درکار ہے.
آپ کے ارد گرد موجود ہر شخص جو آپ کو اپنے سے زیادہ کامیاب لگتا ہے، زیادہ بہتر صحت میں ہے، امارت میں ہے، رشتوں میں ہے، حسن اخلاق میں ہے، اس کی کامیابی کا سب سے بڑا راز ایک ہی ہے اور وہ ہے، پہل کاری. ایکشن لینا، عملی قدم اٹھا لینے والے بندے کو کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ وہ ذہنی طور پر تماشہ بننے کے لئے تیار ہوتا ہے. یاد رکھیں جو بندہ خود کو تماشہ بنانے کے لیے تیار ہوجائے، اس کو پورا جہان بھی تماشہ نہیں بنا سکتا. خوف ایک نفسیاتی چیز ہے اور وہ اسی وقت تک آپ کو بس میں رکھتا ہے جب تک آپ اس سے پنجہ آزمائی نہیں کرلیتے. خوف کا جن، آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کے بعد ہی بوتل میں بند ہوتا ہے.
کیا آپ آج وہ کرنے کے لیے تیار ہیں جس کا سوچ کر سہم جاتے ہیں؟
عارف انیس
مصنف کی کتاب "صبح بخیر زندگی" سے اقتباس
هفته
15
مارچ
2025
اشتہارات کے لیے ایڈمن سے رابطہ کریں
مانگٹ آنلائن
واپس ہوم پیج پہ جائیں
اشتہارات کے لیے ایڈمن سے رابطہ کریں